سنٹرل پولیس آفس میں 44 افسران کو انسپکٹر عہدے کی پروموشن دی گئی
پروموشن کے ساتھ افسران کو عزت اور شہری خدمت کا پیغام دیا گیا،ترجمان
لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر سنٹرل پولیس آفس میں انسپکٹر عہدے پر ترقی پانے والے افسران کو پروموشن رینک لگانے کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں ملتان ریجن کے 21 اور بہاولپور ریجن کے 23 سمیت مجموعی طور پر 44 افسران کو انسپکٹر کے عہدے کے رینک لگائے گئے۔ تقریب میں ترقی پانے والے افسران کے والدین، بچے اور اہلِ خانہ بھی شریک ہوئے، جنہیں آئی جی پنجاب اور سینئر افسران نے مبارکباد دی۔انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سرپرستی اور حکومتِ پنجاب کی معاونت سے پولیس کے ہیومن ریسورس، لاجسٹکس، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں مئوثر بہتری ممکن ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2025 فاسٹ ٹریک پروموشنز کا سال رہا، جس کے دوران 7 پروموشن بورڈز کے ذریعے 1047 سب انسپکٹرز کو انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ اگلے سال کے اوائل میں انسپکٹر کے مزید 100 سے زائد عہدوں پر ترقی کے لیے پروموشن بورڈ کا اجلاس منعقد ہوگا جبکہ دیگر عہدوں کے لیے پروموشن شیڈول بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے افسران کو ہدایت کی کہ ترقی کے اہل افسران اپنے کورسز، ٹریک ریکارڈ، اے سی آرز اور دیگر متعلقہ دستاویزات مکمل رکھیں اور پروموشنز کے ذریعے نہ صرف افسران کو عزت دی گئی ہے بلکہ شہریوں اور سائلین کو بھی عزت اور بہترین رویے سے پیش آنا چاہیے۔ بہاولپور ریجن سے تعلق رکھنے والے مسیحی کمیونٹی کے انسپکٹر جبران جیراڈ اور ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے شمن رام کو بھی انسپکٹر عہدے پر ترقی دی گئی۔تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب عمران ارشد، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر محمد عابد خان، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کیپٹن(ر) لیاقت علی ملک، اے آئی جیز، ایس پیز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔