ترقی پانے والے 61انسپکٹرز کو رینک لگا دئیے گئے

لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر انسپکٹر عہدے پر ترقی پانے والے افسران کو پروموشن رینک لگانے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے پروموٹ ہونے والے 61 افسران کو انسپکٹر کے رینک لگائے جس میں بہاولپور ریجن کے 31 اور ملتان ریجن کے 30 پولیس افسران شامل تھے۔ تقریب میں پروموٹ ہونے والے افسران کے والدین، بچوں اور اہلخانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر دہشت گردوں کے حملوں اور لا ء￿  اینڈ آرڈر صورتحال کے پیش نظر پولیس کے چیلنجز میں اضافہ ہوا ہے۔ پنجاب پولیس کی بھرپور سرپرستی اور وسائل میں اضافے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ رواں سال سب انسپکٹر سے انسپکٹر عہدے پر ترقی کے لیے 5 پروموشن بورڈز منعقد کیے گئے جن میں 757 افسران کو ترقی دی گئی۔ گزشتہ اڑھائی سال کے دوران اس عہدے پر ترقی کے لیے 26 پروموشن بورڈز منعقد کر کے 3167 افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی دی گئی۔ مزید 220 سیٹوں پر ترقی کے لیے پروموشن بورڈ جلد منعقد کیا جائے گا جس میں افسران کے سروس ٹریک ریکارڈ، ریپوٹیشن، اے سی آرز، کنڈکٹ اور رپورٹس زیر غور آئیں گی۔