اب تک 1340سے زائد بچوں کی سرجریز ہو چکی ہیں:سلمان رفیق
لاہور (خصوصی رپورٹ )صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے حوالے سے اجلاس ہواجس میں سیکرٹری صحت عظمت محمود، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، پروفیسر سلمان، پی آئی ٹی بی سے نوشین فیاض و دیگر نے شرکت کی۔ وڈیو لنک کے ذریعے ڈاکٹر فرقد عالمگیر بھی اجلاس میں شریک ہوئیں۔صوبائی وزیر صحت نے اجلاس کے دوران چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے متعلقہ محکموں کی کو آرڈی نیشن کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے،تمام متعلقہ سرکاری و نجی چلڈرن ہسپتالوں سے فیڈ بیک لیا گیا ۔ لانچنگ سے اب تک 13 سو چالیس سے زائد معصوم بچوں کی کامیاب سرجریز ہو چکی ہیں۔ پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔