نواز شریف نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو 100 روزہ اصلاحاتی منصوبہ دے دیا

 آزاد کشمیر کے عوام سے انتخابی مہم میں جو وعدے کئے تھے، اب انہیں عملی شکل دینے کا وقت ہے، میں نے آزاد کشمیر کے عوام سے کہا تھا مسلم لیگ ن کی حکومت ان کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لائے گی،نوازشریف
لاہور(آئی این پی )صدر مسلم لیگ ن نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف سے آزادکشمیر کے نومنتخب وزیراعظم افتخار گیلانی نے ملاقات کی جس میں عوام کے مسائل کے فوری حل پر زور دیا گیا۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی طارق فاروق بھی شریک ہوئے، صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی اور سپیکر طارق فاروق کو مبارک باد دی۔صدر پاکستان مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر میں صحت، تعلیم، صفائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں بہتری کے لئے پہلے 100 دنوں پر مشتمل اصلاحاتی منصوبہ وزیرِاعظم آزاد کشمیر کے ساتھ شیئر کیا اور آزاد جموں و کشمیر کو جدت اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی ہدایت کی۔میاں نواز شریف نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو انتخابی مہم کے دوران آزاد کشمیر کے عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔، 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام میں ایسے اقدامات شامل کیے جائیں جن کا فائدہ براہ راست عام شہری کو پہنچے، جو وعدے آزاد کشمیر کے عوام سے کئے گئے، ان کی تکمیل کی رفتار اور پیش رفت کی باقاعدہ نگرانی کی جائے۔وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر حکومت کو وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات کیلئے وفاق ہر ممکن وسائل اور تعاون فراہم کرے گا، آزاد کشمیر کے عوام کو صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی بہتر فراہمی کیلئے وفاق اور آزاد کشمیر حکومت مل کر کام کریں۔شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کے فوری حل پر خصوصی توجہ دی جائے، آزاد کشمیر کے نوجوانوں کیلئے روزگار، ہنرمندی اور معاشی مواقع بڑھانے کیلئے جامع حکمت عملی بنائی جائے، وزیراعظم آزاد کشمیر 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی اور اسپیکر طارق فاروق نے اعتماد کا اظہار کرنے پر ن  لیگ کی اعلی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔