اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک)جاپان میں جاری ایشین گیمز 2026 کے دوران پاکستانی والی بال ٹیم کو ناقص انتظامات کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔قومی ٹیم کے کپتان مراد جہان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو میں ٹورنامنٹ کے انتظامات پر شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ازبکستان کے خلاف اہم میچ سے پہلے بس ڈرائیور کو معلوم ہی نہیں تھا کہ ٹیم کو کس جمنازیم میں پہنچانا ہے اور وہ غلط راستے پر چلتے ہوئے کھلاڑیوں کو دوسرے جمنازیم لے گیا، جس کے باعث ٹیم کا قیمتی وقت ضائع ہوا۔مراد جہان نے انکشاف کیا ہے کہ غلط مقام پر پہنچائے جانے کا واقعہ کھلاڑیوں کو درپیش واحد مسئلہ نہیں ہے بلکہ بعض اوقات جب کھلاڑی ٹریننگ سیشن مکمل کر کے ہوٹل واپس پہنچتے ہیں تو ریسٹورنٹ بند ہو چکا ہوتا ہے اور انہیں کھانا نہیں ملتا۔انہوں نے ایشین گیمز کے انتظامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ اس قسم کا سلوک قابلِ قبول نہیں۔تمام مشکلات کے باوجود بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے میدان میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ازبکستان کو مسلسل 3 سیٹس میں شکست دے دی۔ٹورنامنٹ کی انتظامی کمیٹی کے سیکریٹری جنرل ساتوشی موراتے نے انتظامی خامیوں پر معذرت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ تقریبا 2 ہزار اضافی کھلاڑیوں اور آفیشلز کی آخری وقت میں آمد سے انتظامات پر دبائو بڑھ گیا۔