سکیورٹی خطرات ، تین دن گزرنے کے باوجود آگ بجھانے کی کارروائی شروع نہیں ہو سکی
عملے کو واپس بلا لیا، حکومت کی فوج سے ہیلی کاپٹر یا فضائی معاونت فراہم کرنے کی درخواست
کوئٹہ(آئی این پی ) بلوچستان کے ضلع زیارت میں دنیا کے دوسرے بڑے صنوبر (جونیپر) کے جنگل میں تین روزسے آگ لگی ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق 70 ایکڑ سے زائد رقبہ متاثر ہو چکا ہے۔علاقے میں مسلح شدت پسندوں اور سکیورٹی خطرات کی وجہ سے تین دن گزرنے کے باوجود آگ بجھانے کی کوئی کارروائی شروع نہیں ہو سکی۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق حکام کا کہناہے کہ آگ 25 ستمبر کو ضلع زیارت کے علاقے کلی وام سرانہ کے پہاڑی سلسلے میں لگی۔ یہ علاقہ فیلہ غر کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہاں کے جنگلات سرکاری ملکیت ہیں۔ ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی نے پہلے دن بتایا کہ تقریبا دو ایکڑ رقبہ متاثر ہوا ہے۔ بعد میں محکمہ جنگلات نے سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے اندازہ لگایا کہ متاثرہ رقبہ 70 ایکڑ سے زیادہ ہے۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ داخلہ اور دیگر حکام کو ایک مراسلہ بھی لکھا جس کے مطابق محکمہ جنگلات کا عملہ فورا موقع پر بھیجا گیا تھا لیکن علاقے میں 30 سے 40 مسلح دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات ملیں جس پر انتظامیہ نے عملے کی جانوں کے تحفظ کے لیے اسے واپس بلا لیا۔ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر بلوچستان حکومت نے پاک فوج سے مدد مانگی ہے۔ حکومت نے فوج سے ہیلی کاپٹر یا فضائی معاونت فراہم کرنے کی درخواست کی ہے تاہم سرکاری ذرائع کے مطابق فضائی کارروائی بھی تاحال شروع نہیں ہو سکی