چین: خاتون 54 گھنٹے کنویں میں پھنسی رہنے کے بعد بچا لی گئی

چین: خاتون 54 گھنٹے کنویں میں پھنسی رہنے کے بعد بچا لی گئی

چین کے صوبے فوجیان میں ایک شاندار بچاؤ کی داستان سامنے آئی ہے، جہاں 48 سالہ خاتون چن جنگل میں چہل قدمی کے دوران ایک پرانے کنویں میں گر گئی۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اکیلی چل رہی تھیں اور اچانک زمین کے کسی کمزور حصے کے نیچے گر گئیں، جس کے نتیجے میں وہ کنویں کے اندر پھننس گئیں۔خاتون تقریباً 54 گھنٹے تک زندہ رہیں، اور اس دوران پانی میں ڈوبنے سے بچنے کے لیے انہوں نے کنویں کی دیوار سے مضبوطی سے چمٹے رہنے کی حکمت عملی اپنائی۔ ان کے مطابق، انہوں نے پتھروں کو نکال کر ایک عارضی قدم رکھنے کی جگہ بنائی تاکہ خود کو سہارا دے سکیں اور پانی میں ڈوبنے سے بچ سکیں۔خاتون کے لیے صورتحال انتہائی مشکل تھی کیونکہ اندھیرا، مچھر، پانی کے سانپ اور زہریلے کیڑے مسلسل انہیں تنگ کر رہے تھے۔ ایک سانپ نے انہیں کاٹا بھی، تاہم خوش قسمتی سے وہ زہریلا نہیں تھا۔ کئی بار انہیں حوصلہ ٹوٹنے لگا، لیکن وہ اپنے والدین اور بیٹی کو یاد کر کے ہمت برقرار رکھیں۔

اہلِ خانہ نے اگلے دن ان کی گمشدگی کی اطلاع دی، جس پر مقامی امدادی ٹیم نے ریسکیو کارروائی شروع کی۔ ریسکیو ٹیم کے سربراہ ڈو شیاو ہانگ کے مطابق 10 رضاکاروں کی ٹیم نے ڈرون اور تھرمل امیجنگ آلات کی مدد سے تلاش کی، اور مدھم آواز سننے کے بعد جھاڑیوں کو ہٹانے پر گہرا کنواں دریافت کیا، جہاں خاتون موجود تھیں۔خاتون کو ریسکیو کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ ان کی دونوں پسلیاں فریکچر ہو چکی ہیں، پھیپھڑوں پر معمولی دباؤ ہے، اور ہاتھ شدید زخمی اور چھل گئے ہیں، تاہم ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گی۔