لاہور(خصوصی رپورٹ)چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل(ر)عبدالعزیز نے امتحانی مراکز میں قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل اورعملے کو اْمیدواروں کے کوائف و شناختی کارڈ کی صحیح جانچ پڑتال کرنے کا حکم دیاہے۔انکاکہناہے کہ صرف صحیح اور مکمل دستاویزات رکھنے والے امیدواروں کو امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت دی جائے۔ چیئرمین نے ممبران کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا دور ہ کیا اورانتظامات کا جائزہ لیا۔ پی پی ایس سی کے زیر انتظام لاہور سمیت مختلف ڈویڑنز میں دو روزہ امتحانات کا سلسلہ مکمل ہو گیا،60 ہزار اْمیدواروں نے تحریری امتحان میں حصہ لیا۔ مکمل دستاویزات نہ ہونے پر امیدواروں کو داخلے سے روک دیا گیا۔چیئرمین کاکہناتھاکہ امیدوار امتحانی قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کریں، خلاف ورزی پرکوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایل ڈی اے کے تحریری امتحان فیز ٹو میں امیدواروں سے انگلش ،اسسٹنٹ رجسٹرار کواپریٹو سوسائٹیز کے امتحان میں جنرل نالج ،کو آپریٹو ہسٹری اور موومنٹ کا پیپر لیا گیا۔