مریم نواز نے اپنی سیاست سے ن لیگ کومضبوط کیا‘مخالفین کہتے ہیں میڈیا کوریج بہت ہے، پنجاب حکومت کی عوامی خدمت پر کوریج میڈیا کی مجبوری ہے
الیکٹرک بس سے فیصل آباد کے بزرگوں اور خواتین کو زیادہ فائدہ پہنچے گا، ڈیڑھ سال میں مریم نواز نے خدمت کی سیاست کو عروج دیا:تقریب سے خطاب
فیصل آباد(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے مریم نواز نے مسلم لیگ ن کو اپنی سیاست سے مضبوط کیا، تنقید کرنے والوں کو مریم نواز کے منصوبوں تک پہنچنے کے لیے بڑی محنت کرنا پڑے گی۔فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مخالفین کہتے ہیں کہ میڈیا کوریج بہت ہے، پنجاب حکومت کی عوامی خدمت پر کوریج میڈیا کی مجبوری ہے۔رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ الیکٹرک بس منصوبے پر پورا فیصل آباد مریم نواز کا شکر گزار ہے، الیکٹرک بس سے فیصل آباد کے بزرگوں اور خواتین کو زیادہ فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیڑھ سال میں مریم نواز نے خدمت کی سیاست کو عروج دیا، انہوں نے پنجاب میں صحت کے مختلف منصوبے شروع کیے، پنجاب میں لوگوں کو ان کی دہلیز پر ادویات مل رہی ہیں، آج میزبان پنجاب حکومت اور مہمان عوام ہے۔رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عام آدمی کے مسائل کو حل کرنے پر توجہ دی۔