آتشزدگی سے فضائی آلودگی: سالانہ 15 لاکھ اموات کا سبب

 موسمیاتی تبدیلی ،جنگل میں آگ لگنے کے واقعات بار بار پیش آنے کا باعث بن رہی ہے ،رپورٹ
اسلام آباد(آئی این پی ) ایک نئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ آگ کی وجہ سے ہونے والی فضائی آلودگی دنیا بھر میں ایک سال میں 15لاکھ سے زائد اموات کا سبب بنتی ہے، جن میں سے بیشتر ترقی پذیر ممالک میں ہوتی ہیں۔ غیرملکی خبر رساں ا دارے کے مطابق یہ بات دی لانسیٹ جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق میں سامنے آئی ہے ۔ تحقیق کے مطابق آنے والے برسوں میں ہلاکتوں کی یہ تعداد بڑھنے کی امکان ہے کیوں کہ موسمیاتی تبدیلی ،جنگل میں آگ لگنے کے واقعات بار بار پیش آنے کا باعث بن رہی ہے اور اسے شدید بنا رہی ہے۔محققین کی بین الاقوامی ٹیم نے بتایا کہ 2000 اور 2019 کے درمیان دل کی بیماری سے ہونے والی سالانہ ساڑھے 4 لاکھ اموات آگ سے متعلق فضائی آلودگی سے منسلک تھیں۔سانس کی بیماری سے مزید 2 لاکھ 20 ہزار اموات کی وجہ آگ سے ہوا میں پھیلنے والے دھوئیں اور ذرات کو قرار دیا گیا۔مطالعے کے مطابق دنیا بھر میں تمام وجوہات سے کل 15 لاکھ 30 ہزار سالانہ اموات زمین پر لگنے والی آگ سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی سے وابستہ تھیں۔مطالعے میں کہا گیا کہ ان میں سے 90 فیصد سے زیادہ اموات کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں ہوئیں، جن میں سے لگ بھگ 40فیصد صرف سب صحارا افریقا میں ہوئیں۔سب سے زیادہ اموات والے ممالک میں چین، عوامی جمہوریہ کانگو، بھارت، انڈونیشیا اور نائیجیریا شامل ہیں۔