پنجاب کنگز کے آل راؤنڈر ششانک سنگھ کے خلاف تشدد کا مقدمہ درج

پنجاب کنگز کے آل راؤنڈر ششانک سنگھ کے خلاف تشدد کا مقدمہ درج

بھارتی پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم پنجاب کنگز کے آل راؤنڈر ششانک سنگھ، ان کے ریٹائرڈ آئی پی ایس افسر والد شیلیش سنگھ اور ایک ڈرائیور کے خلاف مبینہ طور پر گھریلو ملازم پر تشدد اور بدزبانی کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقدمہ بھوپال کے رتیباد تھانے میں درج کیا گیا، جس میں قابلِ اعتراض زبان استعمال کرنے، معمولی جسمانی نقصان پہنچانے اور مشترکہ ارادے سے جرم کرنے سے متعلق دفعات شامل کی گئی ہیں۔شکایت کنندہ وپیندر سنگھ تومر کا کہنا ہے کہ انہیں 25 جون کو 15 ہزار بھارتی روپے ماہانہ تنخواہ پر بطور باورچی ملازم رکھا گیا تھا۔تومر کے مطابق ملازمت کے پہلے ہی دن سے ان کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا گیا اور ان کا موبائل فون بھی اپنے پاس رکھ لیا گیا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ 28 جون کو فون واپس مانگنے پر شیلیش سنگھ نے انکار کر دیا، جس کے بعد ششانک سنگھ، ان کے والد اور ڈرائیور نے انہیں کمرے میں تشدد کا نشانہ بنایا، گالیاں دیں، گھر سے نکال دیا اور رہائش و کھانے کے اخراجات کے نام پر مبینہ طور پر ایک ہزار بھارتی روپے بھی زبردستی منتقل کروائے۔دوسری جانب ششانک سنگھ نے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ نے باورچی کو نشے کی حالت میں پایا تھا، جس کے باعث اسے ملازمت سے نکالا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شکایت انتقامی کارروائی ہے۔پولیس کے مطابق مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔