دہشتگردی کیخلاف پاکستان کو دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، امریکی حکام

اسلام آ باد (آن لائن)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری سے امریکی سفارتخانے کے حکام کی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں منسٹر کونسلر برائے  پولیٹیکل افیئرز ٹیری اسٹیئرز گونزالیز اور انٹرنل پولیٹیکل یونٹ چیف کیرن گلوسر شامل تھے۔امریکی حکام نے عالمی امن کے لئے پاکستان کے ثالثی کے کردار کو سراہا۔وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جو کردار ادا کیا اس پر پوری دنیا سے پزیرائی مل رہی ہے۔امریکا سمیت دیگر ممالک کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کا اعتراف ہمارے لئے باعث فخر ہے، پاکستان خطے میں امن کو فروغ دینے میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا، امریکی حکام نے کہا کہ کراچی میں رینجرز کیمپ آفس پر حملہ قابل مذمت ہے، دہشتگردی کے خلاف پاکستان کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، پاکستان میں دہشتگردی کے تمام واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں