لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز جاری ہیں جس کے تسلسل میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 446 سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز، 14 ہزار 700 سے زائد مشتبہ افراد کی چیکنگ اور 31 مشکوک افراد حراست میں لئے گئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث 189 اشتہاری، 118 عدالتی مفرور اور 128 عادی مجرمان گرفتار کیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ جرائم پیشہ و مشتبہ افراد کے قبضہ سے منشیات، ناجائز اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیوں کے دوران 6 مجرم کیفر کردار کو پہنچے، 6 زخمی حالت میں جبکہ 8 دیگر گرفتار کئے گئے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ملک دشمن و جرائم پیشہ عناصر کا محاسبہ کرنے کیلئے سرچ، سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔