مصر: بس حادثے میں باغات میں انگور چننے والی 19 لڑکیاں جاںبحق

ہیوی گاڑی کی بس کو ٹکر کے نتیجے میںبس ڈرائیور بھی چل بسا،تین لڑکیاں شدید زخمی
قاہرہ (آئی این پی )مصر میں پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں باغات میں انگور چننے والی 19 لڑکیاں جان کی بازی ہار گئیں۔غیر ملکی میڈیارپوٹر کے مطابق مصر کے صوبہ منوفیہ کے شمال میں واقع گائوں کفر السنابسہ کی یہ لڑکیاں روزانہ کی بنیاد پر اپنے امور انجام دیتی تھیں مگر ایک دلخراش حادثے نے ان کے خوابوں کو کچل دیا۔رپورٹس کے مطابق حادثے میں لقمہ اجل بننے والی یہ 19 لڑکیاں محض 130 مصری پائونڈ (تقریبا 10 سعودی ریال)  کی یومیہ مزدوری پر کام کرتی تھیں۔گزشتہ روز ایک ہیوی گاڑی نے ان کی بس کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں 19 لڑکیاں اور بس کا ڈرائیور چل بسا جبکہ 3 لڑکیاں ہسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والی لڑکیوں کی عمریں 14 سے 22 سال کے درمیان تھیں، ان میں سے کچھ اپنی گھروں کی واحد کفیل تھیں جبکہ بعض نے تعلیم ادھوری چھوڑ کر گھر والوں کی مدد کے لیے کام شروع کیا تھا۔