بلاول بھٹو کے کشمیر بیان پر ن لیگ کی تنقید بے بنیاد ہے: مرتضیٰ وہاب

بلاول بھٹو کے کشمیر بیان پر ن لیگ کی تنقید بے بنیاد ہے: مرتضیٰ وہاب

کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر کے حوالے سے صرف پارٹی منشور کی بات کی تھی، تاہم مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے اس بیان پر بلاجواز الزامات عائد کرنا شروع کر دیے۔

سائٹ صنعتی علاقے میں دو ارب روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر مشکل سیاسی دور کا سامنا کیا ہے اور عمران خان کے دورِ حکومت میں بھی ثابت قدم رہی۔ انہوں نے کہا کہ جب تحریکِ عدم اعتماد لائی گئی تو پیپلز پارٹی چاہتی تو اپنا وزیراعظم لا سکتی تھی، تاہم جمہوری روایات کا احترام کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ زیادہ نشستیں رکھنے والی جماعت کو حکومت بنانے کا حق دیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے سائٹ صنعتی علاقے کے انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے دو ارب روپے کا خصوصی پیکیج جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت سڑکوں کی تعمیر و مرمت، نکاسیٔ آب کے نظام کی بحالی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھنے اور کام کی رفتار تیز رکھنے کے لیے فنڈز سائٹ ایسوسی ایشن کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ اب یہ ایسوسی ایشن کی ذمہ داری ہے کہ منصوبوں کو بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کرے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی تاجروں اور شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت نے کراچی کے تمام صنعتی زونز کے لیے مجموعی طور پر سوا 9 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج منظور کیا ہے، جس میں سے دو ارب روپے سائٹ ایسوسی ایشن کے منصوبوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹھیکیداروں نے منصوبوں کی تکمیل کے لیے چھ ماہ کا تخمینہ دیا ہے، تاہم کوشش ہوگی کہ تمام کام چار ماہ کے اندر مکمل کر لیے جائیں۔مرتضیٰ وہاب نے شہر میں پانی کی فراہمی سے متعلق منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جلد بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں واٹر پارک منصوبے کا افتتاح کیا جائے گا، جہاں روزانہ 35 ملین گیلن پانی صاف کیا جائے گا جبکہ دسمبر تک اس کی استعداد بڑھا کر 100 ملین گیلن یومیہ کر دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ صنعتی علاقوں میں پانی کی فراہمی کے لیے ایک پائلٹ منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لیے مجموعی طور پر 300 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ رکھا گیا ہے، جبکہ صرف کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے 70 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ شہر کی 138 سڑکوں کی بحالی کے لیے 13 ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جن کے ٹینڈرز جاری کیے جا رہے ہیں اور سال کے اختتام تک ان منصوبوں کی تکمیل کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سائٹ ایسوسی ایشن کے رہنما زبیر موتی والا نے سندھ حکومت اور میئر کراچی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دو ارب روپے کے منصوبے کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے جبکہ سائٹ ایریا میں مزید پانچ ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان منصوبوں سے صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ اور تاجروں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔