بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے میں 242 ارب کی نمایاں بہتری

 کئی دہائیوں میں پہلی بار بجلی تقیسم کار کمپنیوں کے خسارے میں کمی آنا انتہائی خوش آئند ہے:وزیراعظم

اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے میں کمی پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے اس پیشرفت کو کئی دہائیوں میں ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کئی دہائیوں میں پہلی بار بجلی تقیسم کار کمپنیوں کے خسارے میں کمی آنا انتہائی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہتری پاور سیکٹر کی نجکاری کے عمل کو سہل بنائے گی۔اجلاس کو آگاہ کہا گیا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے میں 242 ارب روپے کی بہتری آئی ہے، جب کہ مجموعی خسارہ 193 ارب روپے کم ہوا ہے۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) اور ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے سب سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ گردشی قرضوں کا فلو 780 ارب روپے رہا۔