عمران خان مکمل صحت مند ہیں ، دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل:وزیر اطلاعات ،آنکھ کا آپریشن ، خاندان کو بے خبر رکھا گیا :پی ٹی آئی
اسلام آباد(بیورو رپورٹ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ طبی ماہرین کی تجویز پر بانی پی ٹی آئی کا پمز میں آنکھوں کا طبی معائنہ ہوا، بانی پی ٹی آئی بالکل صحت مند ہیں، تمام قیدیوں کو صحت کی سہولیات میسر ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آنکھوں کے طبی ماہرین نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کا معائنہ کیا تھا جس کے بعد انہوں نے تجویز کیا کہ معمولی طبی کارروائی کے لئے انہیں پمز لے جانا ضروری ہے ،آنکھوں کے طبی ماہرین کی سفارش پر گزشتہ ہفتے کی رات انہیں پمز لایا گیا جہاں ان کی آنکھوں کا معائنہ ہوا، بانی پی ٹی آئی کی تحریری رضامندی کے بعد تقریباً 20 منٹ کی طبی کارروائی ہوئی جس کے بعد انہیں ضروری ہدایات کے ساتھ واپس اڈیالہ جیل لے جایا گیا۔ طبی کارروائی کے دوران بانی پی ٹی آئی سٹیبل اور بالکل صحت مند تھے۔تمام قیدیوں کو طبی سہولت تک رسائی حاصل ہوتی ہے، یہ رولز کے مطابق ہے ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طبی کارروائی کے دوران بانی پی ٹی آئی بالکل صحت مند تھے ،بانی کی رضامندی کے بعد 20 منٹ میں طبی کارروائی پوری کرکے انہیں واپس لے جایا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنمائوں ،اپوزیشن جماعتوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق خبروں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان سے ملاقاتوں میں مسلسل رکاوٹ کو غیر آئینی، غیر انسانی اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے راولپنڈی میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلوں کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروائی جا رہی، جبکہ ان کی صحت کے حوالے سے آنے والی اطلاعات تشویشناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی آنکھ کا آپریشن کیا گیا، مگر اس بارے میں نہ تو اہلِ خانہ کو آگاہ کیا گیا اور نہ ہی ذاتی معالج کو اعتماد میں لیا گیا، جو باعثِ تشویش ہے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق حقائق چھپانا ‘‘طبی دہشت گردی’’ کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر قیدی کا بنیادی حق ہے کہ اس کا علاج اس کے ذاتی معالج سے کروایا جائے،