وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی پیش کش کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے لیے صدقِ دل سے تیار ہے اور اس نے ماضی میں بھی پی ٹی آئی سے نیک نیتی سے بات چیت کی تھی۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی مذاکرات سے بھاگ رہی ہے، لیکن وہ انہیں دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور بات چیت کے لیے تیار ہوں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات کے دوران حکومت نے ہمیشہ ان کے تحریری مطالبات کو سنجیدہ لیا اور ان کے ساتھ ہاؤس کمیٹی بنانے کی پیش کش کی تھی۔شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مذاکرات کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا گیا تھا اور حکومت نے ہمیشہ کھلے دل سے بات چیت کی پیش کش کی۔ وزیرِ اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کا خواب ضرور حقیقت بنے گا، اس ضمن میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرحِ سود میں ایک فیصد کمی کا اعلان کیا ہے تاکہ ملک کی معیشت آگے بڑھے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کے امیج کو خراب کرنے والی سرگرمیوں کے خلاف سخت اقدامات کر رہی ہے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے یں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کے ترقی کے راستے میں بعض مشکلات آتی ہیں، تاہم وہ اس بات پر پُرامید ہیں کہ ملک جلد خوشحالی کی راہوں پر گامزن ہو گا۔