بھارت بعض کینیڈین سیاست دانوں کی مالی مدد کر رہا اور رائے عامہ کو متاثر کرنے کے لیے جھوٹی خبریں پھیلا رہا ہے
اوٹاوا (آئی این پی )کینیڈا کے تحقیقاتی کمیشن نے کہاہے کہ بھارت کینیڈا کے انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کررہا ہے اورمداخلت میں ملوث سب سے زیادہ فعال ممالک میں سے ایک ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کمیشن کی حتمی رپورٹ گذشتہ روز جاری کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت بعض کینیڈین سیاست دانوں کی خفیہ طور پر مالی مدد کر رہا اور رائے عامہ کو متاثر کرنے کے لیے جھوٹی خبریں پھیلا رہا ہے۔کیوبیک کورٹ آف اپیل کے جج میری جوسی ہوگ کی سربراہی میں ہونے والی تحقیقات نے کینیڈا کے جمہوری اداروں میں غیر ملکی مداخلت کی تحقیقات کی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے اپنی مداخلت کی کوششیں سفارتی چینلز اور پراکسیز کے ذریعے کی ہیں جن کا مقصد بھارت نواز سیاسی امیدواروں کی حمایت کرنا اور کینیڈا میں سیاسی منظر نامے کی تشکیل کرنا ہے۔کمیشن نے کہا کہ بھارت کینیڈا میں مقیم غیر ملکی تارکین کو نشانہ بنانے،اپنے ریاستی بیانیے کو فروغ دینے اور ملک کے اندر انتشار پیدا کرنے کے لیے جھوٹی خبریں پھیلانے کے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔