پنجاب حکومت نے اپنے ایک سالہ دور میں زرعی شعبے میں تاریخی اقدامات کرتے ہوئے پاکستان کی سب سے بڑی ٹریکٹر سکیم کا آغاز کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں اس سکیم کے تحت مجموعی طور پر 30 ہزار ٹریکٹرز کاشتکاروں کو فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پہلے فیز میں 50 سے 75 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹرز فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ دوسرے فیز میں 75 سے 85 ہارس پاور کے مزید 10 ہزار ٹریکٹرز کی قرعہ اندازی مکمل ہو چکی ہے۔ ہر ہائی پاور ٹریکٹر پر حکومت کی جانب سے 10 لاکھ روپے سبسڈی دی جا رہی ہے، جس کے لیے مجموعی طور پر 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تیسرا فیز آئندہ سال جنوری میں شروع ہوگا، جس میں 50 سے 55 ہارس پاور کے ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے اور 100 سے 120 ہارس پاور کے بڑے ٹریکٹرز آسان اقساط پر قرض کی صورت میں دیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ کاشتکار بھائی اپنے ٹریکٹر کے مالک بن رہے ہیں اور پنجاب حکومت کی اولین ترجیح کاشتکار کی خوشحالی اور زرعی ترقی ہے۔