رواں سال، ساڑھے 6 لاکھ موٹر سائیکل سواروں کے چالان

ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر 5 لاکھ 28 ہزار سے زائد چالان جاری کیے گئے :ٹریفک پولیس پنجاب کی سالانہ کارکردگی 
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نزیر اور ایس ایس پی سید ندیم عباس کی جانب سے ٹریفک پولیس پنجاب کی سالانہ کارکردگی رپورٹ 2025 جاری کر دی گئی ہیصوبہ پنجاب میں ٹریفک قوانین کے نفاذ، لائسنسنگ سسٹم اور حادثات میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نزیر نے بتایا کہ 132 ملین آبادی والے صوبہ پنجاب میں 25.7 ملین سے زائد گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں جبکہ لاہور سمیت پورے پنجاب میں روزانہ تقریباً 3 کروڑ گاڑیاں سڑکوں پر رواں دواں ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے زیرِ نگرانی علاقوں میں مجموعی حادثات کا صرف 21 فیصد حصہ رپورٹ ہوتا ہیہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنانے کے باعث ہیڈ انجریز میں گزشتہ سال کی نسبت بڑے پیمانے پر کمی واقع ہوئی ہے۔ حادثات کی بڑی وجوہات میں 25 فیصد اوور اسپیڈنگ جبکہ 19 فیصد ریش ڈرائیونگ شامل ہے۔رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر 12 ہزار 800 سے زائد ٹریفک افسران اور اہلکار فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ رواں سال 2025 کے دوران 12.5 ملین ٹریفک چالان ٹکٹ جاری کیے گئے جبکہ گزشتہ سالوں کے مقابلے ٹریفک قوانین کے نفاذ میں 53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاموٹر سائیکل سواروں کے خلاف 6 لاکھ 55 ہزار سے زائد چالان کیے گئے جبکہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر 2.145 ملین سے زائد چالان اور کارروائیاں کی گئیں، جن میں 187 فیصد اضافہ ہوا۔ ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر 5 لاکھ 28 ہزار سے زائد چالان جاری کیے گئے جبکہ کار وارڈز میں 51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیارپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ گاڑیوں کی چھتوں پر سوار افراد کے خلاف کارروائیوں میں 536 فیصد جبکہ کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف کارروائیوں میں 733 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نزیر کے مطابق 2025 میں ریکارڈ 14 ملین ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، جو پچھلے سالوں کے مقابلے 2260 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پنجاب بھر میں 3 موبائل لائسنسنگ یونٹس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے 6 بڑے شہروں میں گلابی لائسنس وینز متعارف کروائی گئیں جبکہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اندرونِ ملک اور بین الاقوامی مسافروں کے لیے لائسنسنگ سہولت قائم کر دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق 50 لاکھ سے زائد شہری ای-ڈرائیونگ لائسنس ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے مہلک ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔