پہلے مرحلے میں سی ٹی او سمیت دیگر اہلکار سرکاری گاڑیوں کے بجائے موٹر سائیکل استعمال کرینگے
لاہور(زیڈ این این) عالمی سطح پر جنگی صورتحال اور پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے ایندھن کے استعمال میں کمی کے لیے اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق عید تک رکشہ اور موٹر سائیکل سواروں کے خلاف چالان نہ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافے کی صورت میں مرحلہ وار حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں چیف ٹریفک آفیسر سمیت دیگر اہلکار سرکاری گاڑیوں کے بجائے موٹر سائیکل استعمال کریں گے۔ علاوہ ازیں سڑکوں پر ٹریفک پولیس کی گاڑیوں کو غیر ضروری طور پر اسٹارٹ کر کے کھڑا رکھنے سے گریز کیا جائے گا تاکہ ایندھن کے ضیاع کو روکا جا سکے۔حکام نے کہا کہ اگر پٹرول کی قیمت میں مزید اضافہ ہوا تو تیسرے مرحلے میں ٹریفک پولیس سائیکلوں پر پٹرولنگ کرنے پر بھی غور کرے گی۔