جے پور، بنگلورو، ممبئی اور دہلی میں شہری زندگی ٹریفک، آلودگی اور بدانتظامی کا شکار

 بھارت کے بڑے شہر ترقی کے باوجود ناقابلِ رہائش بنتے جا رہے ہیں: بی بی سی رپورٹ
نئی دہلی(   آن لائن )بھارت کے بڑے شہر، جو کبھی ترقی اور خوشحالی کی علامت سمجھے جاتے تھے، آج شدید فضائی آلودگی، ٹریفک کے مسائل، ٹوٹی سڑکیں اور کچرے کے انباروں کے باعث تیزی سے ناقابلِ رہائش بنتے جا رہے ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، حالیہ برسوں میں اربوں ڈالر کی انفراسٹرکچر سرمایہ کاری کے باوجود شہری زندگی میں بہتری کے بجائے خرابی دیکھی جا رہی ہے۔ راجستھان کے تاریخی شہر جے پور میں ایک مقامی ٹیکسی ڈرائیور نے طنزیہ انداز میں کہا، "اگر جے پور کی شاہانہ خوبصورتی دیکھنی ہے تو یہاں مت آئیں، بس ایک پوسٹ کارڈ خرید لیں۔"جے پور میں صدیوں پرانی تاریخی عمارتیں پان اور تمباکو کے داغوں سے اٹی ہوئی ہیں، جبکہ ان کے ساتھ مکینک ورکشاپس اور بے ہنگم ٹریفک بھی دیکھی جا سکتی ہے۔ یہی صورتحال بنگلورو، ممبئی اور دہلی جیسے بڑے شہروں میں بھی ہے۔بنگلورو میں شہریوں اور ارب پتی کاروباری شخصیات نے ٹریفک جام اور کچرے کے مسئلے کے خلاف احتجاج کیا۔ ممبئی میں مون سون کے دوران سڑکوں پر گڑھے اور بند سیوریج لائنیں شہریوں کے لیے مسائل پیدا کرتی ہیں، جبکہ دہلی میں ہر سال شدید اسموگ کے باعث بچے اور بزرگ سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہو جاتے ہیں