پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) کا دائرہ کار مزید 12 اضلاع تک بڑھانے کے فیصلے کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مری میں پی آر اے آفس فعال کر دیا گیا ہے۔
پی آر اے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مری میں ایڈیشنل کمشنر میڈم مرزیا سلیم کو چارج سونپ دیا گیا ہے اور ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے میٹنگز کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ترجمان پی آر اے نے بتایا کہ اس فیصلے کے تحت پہلے ہی بہاولپور، شیخوپورہ، اور قصور میں پی آر اے کے دفاتر آپریشنل کر دیے گئے تھے۔ مزید برآں، حکمت عملی کے تحت دیگر اضلاع میں بھی پی آر اے دفاتر کا قیام عمل میں لایا جائے گا، جس سے ٹیکس پیئرز کو سہولت ملے گی اور ریونیو میں اضافہ ہوگا۔
ترجمان کے مطابق، پی آر اے کے نئے دفاتر کے قیام سے نہ صرف ٹیکس کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا بلکہ ریونیو کے وسائل میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ آئندہ چند ہفتوں میں جہلم میں بھی پی آر اے آفس کھولنے کا منصوبہ ہے۔