دوران آپریشن بجلی چوری کے ملزموں کالیسکو ٹیم پر حملہ

 ملزم نے گالیاں ،دھمکیاں دیں،مقدمہ درج، ڈٹیکشن بل بھی چارج ہو گا
لاہور(کرائم رپورٹر )لاہور میں بجلی چوری پکڑے جانے پر لیسکو ٹیم پر حملہ کرنے والے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق چونیاں سٹی سب ڈویڑن کے ایس ڈی او امجد اقبال نے اپنی ٹیم کے ہمراہ موضع کوڑا کھوہ،بشمولہ سدھا اتاڑ کے علاقہ میں آپریشن کیا۔دوران آپریشن ملزم عابد ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری کرتے پکڑا گیا،جب لیسکو ملازمین نے ملزم عابد کا کنکشن منقطع کیا جو کہ ڈائریکٹ لائن سے لیا گیا تھا، تو ملزم عابد نے نا معلوم افراد کے ساتھ مل کر لیسکو ملازمین پر حملہ کردیا اور تشدد کرنے لگا۔اس دوران ملزم نے ملازمین کو گالیاں دیں اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔بعد ازاں ایس ڈی او چونیاں سٹی امجد اقبال نے ملزموں کیخلاف متعلقہ تھانہ میں ایف آئی آر رجسٹر کرا دی ،جبکہ ملزم کو ڈٹیکشن بل بھی چارج کیا جائے گا۔