وزیراعظم شہباز شریف چینی صدر شی جن پنگ کی خصوصی دعوت پر 4 ستمبر تک چین کے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔
وہ اس دورے کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سے ہوگی، جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔وزیراعظم خطے میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور بڑھتی ہوئی قدرتی آفات کے نئے چیلنجز پر بھی روشنی ڈالیں گے۔ اس کے علاوہ وہ بیجنگ میں عالمی اینٹی فاشسٹ جنگ کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد فوجی پریڈ میں صدر شی جن پنگ اور دیگر عالمی رہنماؤں کے ہمراہ شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ممتاز چینی تاجروں اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقات کریں گے، جس میں تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت ہوگی۔ وزیراعظم بیجنگ میں پاک چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔یہ دورہ قیادت سطح کے تبادلے کا حصہ ہے اور اس کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنا ہے۔ دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کی حمایت جاری رکھیں گے۔ دورے کے دوران سی پیک کے فیز ٹو منصوبے پر پیشرفت، علاقائی اور عالمی اہم امور پر تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا۔