محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے کراچی اور صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع کے لیے آئندہ تین دن کی پیش گوئی جاری کر دی ہے، جس میں بعض علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ تین روز تک موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ سمندری ہوائیں معمول کے مطابق چلتی رہیں گی۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔صوبہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ تاہم آج (ہفتے کے روز) جیکب آباد، کشمور اور گھوٹکی میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح خیرپور، قمبر شہداد کوٹ، سانگھڑ، عمرکوٹ اور تھرپارکر کے اضلاع میں بھی بارش برسنے کا امکان ہے۔
ادارے کے مطابق سندھ کے دریاؤں اور بیراجوں میں پانی کی صورتحال بھی تشویش ناک ہے۔ اس وقت گڈو بیراج میں درمیانے درجے کا بہاؤ موجود ہے جبکہ سکھر اور کوٹری بیراج میں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 4 سے 5 ستمبر کے دوران دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر کے مقامات پر بڑے پیمانے پر سیلاب آنے کا خدشہ ہے، جس کے باعث متعلقہ حکام اور ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔