ترکیہ نے اسرائیل سے تجارتی تعلقات منطقع کردیئے‘فضائی حدود بند

استنبول(آن لائن) ترکیہ نے اسرائیل کے ساتھ اپنے تمام تجارتی تعلقات منقطع کرنے اور اسرائیلی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترک وزیر خارجہ ہاکان فدان نے اس اہم اقدام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ترکیہ نے اسرائیل کے ساتھ تمام اقتصادی، تجارتی، اور بحری تعلقات ختم کر دیے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ترک بحری جہازوں کو اسرائیلی بندرگاہوں تک جانے کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی۔وزیر خارجہ ہاکان فدان کے مطابق، اسرائیلی طیاروں کے لیے ترکیہ کی فضائی حدود بھی مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں۔ یہ فیصلہ غزہ پٹی میں جاری اسرائیلی جارحیت اور فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے ظلم کے خلاف ترکیہ کی جانب سے ایک سخت ردعمل ہے۔ فدان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اس وقت تک برقرار رہے گا جب تک اسرائیل فلسطینیوں پر اپنی جارحیت روک نہیں لیتا۔ترکیہ نے اسرائیل کے خلاف یہ فیصلہ غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں کے بارے میں عالمی برادری کی خاموشی کے جواب میں کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ میں نسل کشی کی حقیقت پوری دنیا تسلیم کر چکی ہے، لیکن اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اس حقیقت کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔