سیلاب متاثرین کو بجلی بلوں میں توسیع اور ریلیف دیا جائے گا‘جنہیں بجلی کے بلوں میں کمی نظر نہیں آرہی ان کی آنکھوں پر پٹی پڑی ہے
ایک کروڑ80لاکھ صارفین 70فیصد ڈسکاونٹ پر بجلی لے رہے ہیں، لوگ سولرپینل لگاکر خود کو200یونٹ سے نیچے لے کرگئے
لاہور(آئی این پی )وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری نے سیلاب متاثرین کے بجلی بلوں میں توسیع اور ریلیف کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے جنہیں بجلی کے بلوں میں کمی نظر نہیں آرہی ان کی آنکھوں پر پٹی پڑی ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ نیٹ میٹرنگ والے آئی پی پیز بننے جا رہے ہیں اور نیٹ میٹرنگ کی وجہ سے 4 روپے فی یونٹ بوجھ عوام پر پڑے گا، ہم اس معاملے کو ایسے نہیں چھوڑ سکتے۔انہوں نے کہا ایک کروڑ 80 لاکھ صارفین 70 فیصد ڈسکانٹ پر بجلی لے رہے ہیں، جن علاقوں میں سیلاب آیا ہے وہاں صارفین کو ریلیف دیں گے۔وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ لوگ سولر پینل لگا کر خود کو 200 یونٹ سے نیچے لے کر گئے ہیں، بجلی کی قیمت سستی ہوئی ہے، بلوں میں فرق آیا ہے، جنہیں بجلی کے بلوں میں کمی نظر نہیں آرہی ان کی آنکھوں پر پٹی پڑی ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم پر یہ الزام نہیں لگ رہا کہ ہم سیاسی بھرتیاں کر رہے ہیں، لوگ اختیارات کے پیچھے جنگ لڑتے ہیں ہم نے کمپنی کو با اختیار بنایا ہے۔