دہشت گردوں نے جو کرنا تھا کر لیا، آج سے بنوں پولیس میدان میں ہے
بنوں پولیس دہشت گردوں، سہولت کاروں کے خلاف پوری طرح الرٹ ہے
بنوں(آئی این پی ) ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) بنوںسلیم عباس کلاچی نے دہشت گردوں کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے جو کرنا تھا کر لیا، اب تک بنوں پولیس دفاع کر رہی تھی، آج سے بنوں پولیس میدان میں ہے اور اب طالبان آگے اور پولیس ان کے پیچھے ہوگی۔اپنے آڈیو پیغام میں ڈی پی او بنوں نے ایس ایچ اوز اور چوکی انچارجوں کو انتہائی اہم ہدایات جاری کر کے ان کا حوصلہ بڑھایا۔انھوں نے ایس ایچ اوز اور چوکی انچارجوں کیلئے خصوصی پیغام میں کہا کہ جو(اہلکار )ساتھ ہے وہ ٹھہرے، اور جس نے ساتھ نہیں دینا وہ چھٹی لے اور گھر چلاجائے۔یاد رہے کہ دو دن قبل تھانہ کینٹ کے حدود پیر دل خیل ممش خیل میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بنوں پولیس اور کانٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو مار دیا، جو سڑک کنارے آئی ای ڈی نصب کر رہے تھے۔ڈی پی او سلیم عباس کلاچی نے کہا تھا کہ بنوں پولیس دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف پوری طرح الرٹ ہے، ان کا کہنا تھا کہ ضلع بنوں کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا اور کسی دہشت گرد کو یہاں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔