سعودی عرب کے مدینہ منورہ میں تعطیلات کے دوران اندرون و بیرون ملک سے آنے والے زائرین کی تعداد میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس میں مرکزی علاقے میں زائرین کی تعداد سب سے زیادہ رہی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق، مدینہ منورہ کے شہری بھی خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے مختلف پارکوں اور تفریحی مقامات کا رخ کر رہے ہیں، جن میں کنگ فہد مرکزی پارک اور دیگر تفریحی مقامات و واکنگ ٹریکس شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق، مدینہ ریجن میں آنے والے 73.7 فیصد زائرین کا کہنا ہے کہ ان کی اولین منزل مدینہ منورہ کا مقدس شہر ہے، جو مدینہ چیمبر آف کامرس کی سروے میں سامنے آیا ہے۔مدینہ منورہ کو عالمی سطح پر 100 بہترین مقامات میں شامل کیا گیا ہے اور ٹورآزم پرفارمنس انڈیکس میں یہ ساتویں نمبر پر ہے۔
سروے کے مطابق، زائرین کا کہنا ہے کہ وہ اس مقدس شہر کا دورہ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں کیونکہ یہاں نبی آخر الزمان صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا روضہ اطہر، مسجد نبوی اور اسلامی تاریخی ورثہ موجود ہے۔مزید برآں، ریجن آنے والے سیاحوں میں سے 47.2 فیصد نے العلا کے بارے میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے، جہاں تاریخی مقامات کے علاوہ ثقافتی سرگرمیاں بھی منعقد ہوتی ہیں۔