مزاحمت پر2نوجوان زخمی، ایک ڈاکو پکڑا گیا

 قصور(خصوصی رپورٹ) ڈکیتی اور رہزنی کی متعدد وارداتوں میں ڈاکو ئوں نے لاکھوں کی نقدی ،موبائل فونز، طلائی زیورات اور موٹر سائیکلیں چھین لیں، مزاحمت کرنے پر ڈاکو ئوں نے دو مختلف واقعات میں 2نوجوانوں کو زخمی کردیا، آئیڈیل گارڈن کے نزدیک ڈاکو ئوں نے 23سالہ تنویراحمد سے موٹرسائیکل چھین لی، مزاحمت کرنے پر فائر مارکر اْسے زخمی کردیا، پولیس تھانہ بی ڈویڑن کے علاقہ کوٹ پیراں میں نجی میڈیکل سٹور پر آنے والے ڈاکو نے مزاحمت پر میڈیکل سٹور کے ملازم کو زخمی کردیا، میڈیکل سٹور کے مالک نے ڈاکو سے پستول چھین کر شور مچا دیا، اہل علاقہ نے ڈاکو کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا،پولیس تھانہ مصطفی آباد کے علاقہ وڈانہ کے قریب ڈاکو ئوں نے چٹھیانوالہ کے رہائشی شاہد سے 31ہزار نقدی اور موبائل فون چھین لیا،باوا چک 25صدر پتوکی کے نزدیک ڈاکو ئوں نے زوہیب سے 51ہزار نقدی چھین لی،مختلف مقامات پرڈاکو ئوں نے4شہریوں فہیم ، سموئیل مسیح ،افضال اورسلمان سے ہزاروں کی نقدی او ر5موبائل فونز چھین لیے، بدھو سنگھ والا منڈی عثمانوالہ کے نزدیک ریاض کی حویلی سے 6لاکھ روپے مالیت کے بکرے اور بکریاں چوری ہوگئیں، پولیس مصروف کارروائی ہے۔