بانی پی ٹی آئی کو اچھا سمجھیں یا برا، انہیں کروڑوں لوگوں نے ووٹ دیا، رہا کیا جائے
ہمارے خطے کے امن کو خطرہ ہے، پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے:میڈیا سے بات چیت
کوئٹہ (آئی این پی )سینئر سیاستدان اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کوئی عوام کو ڈرانے کی سازش کر رہا ہے تو یہ ٹھیک نہیں ہے،ہمیں یہ ملک اور اس ملک کی سالمیت عزیز ہے۔ کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی ملک کے موجودہ صورتحال پر کہا کہ ہمارے خطے کے امن کو خطرہ ہے، پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اچھا سمجھو یا برا، انہیں پاکستان کے کروڑوں لوگوں نے ووٹ دیا، انہیں ضمانت پر رہائی دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ 8 فروری کے انتخابات میں زر اور زور کی طاقت سے عوام کے مینڈیٹ کو چھینا گیا۔ پنجاب میں بھی واضح اکثریت تحریک انصاف کی تھی اور پی ٹی آئی احتجاج کیلئے ہزاروں کارکنان ڈی چوک پہنچے۔ انہوں نے کہا قومی اسمبلی میں ایاز صادق نے پیپلز پارٹی کی حمایت سے آئین کی دھجیاں اڑائیں، اس ترمیم پر چھوٹے صوبوں کے بھی تحفظات تھے