لندن (نیٹ نیوز)برطانیہ سے تعلق رکھنے والی 26 سالہ ریچل سمتھ جمیکا کے شہر مونٹیگو بے کے روز ہال بیچ پر پانی میں چہل قدمی کر رہی تھیں جب ایک شارک نے اچانک ان کے بائیں ہاتھ پر حملہ کر دیا۔ ان کی رنگ فنگر تقریباً کٹ چکی تھی اور خون مسلسل بہہ رہا تھا۔دی سن کے مطابق ریچل کی بڑی بہن لیزا اس وقت ان کے ساتھ تھیں، جنہوں نے شارک کو پانی میں بھاگتے ہوئے دیکھا اور فوراً اپنی بہن کو بچا کر ساحل تک لے آئیں۔ فوری طبی امداد کے بعد انہیں قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں بتایا گیا کہ ریچل کے ہاتھ کی انگلیوں کے پٹھے اور اعصاب بری طرح متاثر ہوئے ہیں، اور فوری پلاسٹک سرجری کی ضرورت ہے۔جمیکا میں مناسب علاج دستیاب نہ ہونے پر دونوں بہنوں نے اپنی چھٹیاں ختم کیں اور آئرلینڈ چلی گئیں جہاں ان کے والدین رہتے ہیں۔ کارک یونیورسٹی ہسپتال میں ریچل کا ہنگامی آپریشن کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق مکمل صحت یابی میں 18 ماہ لگ سکتے ہیں۔حملے کے بعد دونوں بہنیں شدید خوف اور ڈراؤنے خوابوں کا شکار ہو گئی ہیں۔ ان کے مطابق حملہ صبح 10 بجے اس علاقے میں ہوا جہاں تیراکی کے لیے سبز جھنڈا لگا ہوا تھا اور علاقہ محفوظ تصور کیا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ حملہ غالباً ریف شارک کی طرف سے ہوا۔ریچل کا کہنا ہے کہ وہ زندہ بچ جانے اور اپنا ہاتھ بچ جانے پر شکر گزار ہیں، تاہم انہیں اب طویل بحالی کے عمل سے گزرنا ہوگا۔