ایران: جج کا لرزہ خیز قتل، ملزمان فرار،چیف جسٹس کا تحقیقات کا حکم

تہران (آئی این پی )ایران کے جنوبی شہر شیراز کی فوجداری عدالت کے جج کوکام پر جاتے ہوئے قتل کر دیا گیا۔غیرملکی خبر رساں ادار ے کے مطابق عدلیہ کے ترجمان نے آن لائن رپورٹ کیا کہ گذشتہ روز 2افراد نے شیراز میں فوجداری عدالت نمبر 2کی شاخ 102کے سربراہ جج احسان باقری پر حملہ کیا اور انہیں قتل کر دیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ بدقسمتی سے، اس دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں جج احسان بقری شہید ہو گئے، حملہ آور تاحال مفرور ہیں اور قتل کے محرکات معلوم نہیں ہو سکے۔احسان باقری کی عمر 38 سال تھی، وہ 12 سال سے عدالت میں فرائض انجام دے رہے تھے۔چیف جسٹس غلام حسین محسنی ایجی نے اس قتل کی خصوصی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔