چٹکی بجا کر امپائر کو دھوکا دینے کا الزام، انگلینڈ کی مقامی لیگ میں تحقیقات

چٹکی بجا کر امپائر کو دھوکا دینے کا الزام، انگلینڈ کی مقامی لیگ میں تحقیقات

انگلینڈ کی نارتھ یارکشائر اینڈ ساؤتھ ڈرہم کرکٹ لیگ کے ایک مقامی میچ میں مبینہ دھوکا دہی کا انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق سالٹ برن اور نارٹن کے درمیان سیکنڈ الیون ڈویژن ٹو کے میچ میں سالٹ برن کے ایک فیلڈر کو بیٹر نعمان شبیر کے شاٹ کے دوران چٹکی بجاتے ہوئے دیکھا گیا۔ اسی لمحے وکٹ کیپر جوش بوز نے گیند کیچ کی، اپیل کی گئی اور امپائر نے بیٹر کو آؤٹ قرار دے دیا۔سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ فیلڈر نے جان بوجھ کر چٹکی بجا کر ایسا تاثر پیدا کیا کہ گیند بلے کا کنارہ لے کر وکٹ کیپر تک پہنچی، جس سے مبینہ طور پر امپائر کو غلط فیصلہ کرنے پر مجبور کیا گیا۔ تاہم اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔لیگ انتظامیہ نے واقعے پر باضابطہ شکایت موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور کہا ہے کہ کارروائی مکمل ہونے تک مزید تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔

دوسری جانب مڈلزبرو سیکنڈ الیون کے کپتان روری کوٹریل نے بھی الزام عائد کیا ہے کہ سالٹ برن کی ٹیم گزشتہ میچ میں بھی اسی نوعیت کی مبینہ بے ضابطگیوں میں ملوث رہی تھی۔برطانوی میڈیا کے مطابق اس معاملے پر دونوں ٹیموں کے نمائندوں اور لیگ حکام کے درمیان جلد ایک اہم اجلاس متوقع ہے، جس میں واقعے کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔