لاہور(نیٹ نیوز)ایران کی عدلیہ نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کے الزام میں ایک شخص کو پھانسی پر لٹکا دیا گیا۔ایرانی عدلیہ کے خبر رساں ادارے میزان کے مطابق حمید رضا ثابت اسماعیل پور کو علی الصبح تختہ? دار پر لٹکایا گیا۔ایرانی حکام نے دعویٰ کیا کہ موساد کے ایک ایجنٹ کو حساس معلومات فراہم کرنے کے الزام میں حمید رضا کو اپریل 2025 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ایرانی عدالتی ویب سائٹ میزان پر دستیاب معلومات کے مطابق عدالت نے حمید رضا ثابت کو اس جرم میں قصوروار قرار دیا تھا۔عدالت میں ثابت ہوا کہ ملزم نے ایران کے میزائل مقامات پر تخریبی کارروائیوں میں مدد کے لیے آلات خریدے، دھماکا خیز مواد سے لیس گاڑیوں کی منتقلی میں کردار ادا کیا اور خفیہ معلومات اسرائیل تک پہنچائیں۔انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ جون میں ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 روزہ جنگ کے بعد اسی نوعیت کے الزامات پر کم از کم 12 افراد کو پھانسی دی جا چکی ہے۔اس سے قبل 7 جنوری کو علی اردستانی نامی شخص کو بھی موساد کے لیے معلومات فراہم کرنے کے جرم میں سزائے موت دی گئی تھی۔