50 ہزارہنرمند نوجوانوں کو پرواز کارڈ کے ذریعے بغیر سود 3لاکھ قرض دینگے مریم نواز

 چاہتی ہوں ایسے نوجوان جوزیادہ نہیں پڑھ سکتے وہ پیچھے نہ رہیں،  نوجوانوں کو یہ طعنہ  نہ سننا پڑے  مفت کی روٹی توڑتے ہو، ریلیف اورسہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے
 حکومت ماں کی طرح سوچے تو نوجوانوں کو اپنی طاقت بنالے‘عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے:تقریب سے خطاب‘ارکان اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پرواز کارڈ، راہِ روزگار اور سکل ڈویلپمنٹ پورٹل کا اجرا کردیا‘وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا  عوام کوریلیف اورسہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے، اگر حکومت ماں کی طرح سوچے تو نوجوانوں کو اپنی طاقت بنالے، نوجوانوں کوہنرمند بنانے کے ساتھ روزگار بھی فراہم کر رہے ہیں۔ چاہتی ہوں ایسے نوجوان جوزیادہ نہیں پڑھ سکتے وہ پیچھے نہ رہیں، میں نہیں چاہتی  نوجوانوں کوطعنہ سننا پڑے  مفت کی روٹی توڑتے ہو، نوجوانوں کو ہنرمند اور تعلیم یافتہ بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ چیف منسٹراسکل ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت 2 لاکھ بچوں کوٹریننگ دی گئی، ایک ہزاربچوں کو ٹریننگ دیکر گارمنٹس کے شعبیمیں روزگار دیا گیا ہے، نوجوانوں کو ٹائل فکسنگ، ویلڈنگ، وائرنگ سمیت مختلف شعبوں میں تربیت دی گئی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عرب ممالک میں سب سے مشکل ملازمتیں پاکستانی کرتے ہیں، ہمارے نوجوان باصلاحیت، دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہیہیں، ہنرمند افرادی قوت کی طلب دنیا بھرمیں ہے، ہمیں صرف ٹریننگ دینا ہوگی، نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ مہارت سیکھ کر گھر نہ بیٹھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 50 ہزارہنرمند نوجوانوں کو پرواز کارڈ جاری ہوں گے، پروازکارڈ کے ذریعے رقوم کی فراہمی میں شفافیت کویقینی بنایا جائیگا، پرواز کارڈ کے ذریعے سود کے بغیر 3لاکھ روپے قرض دیں گے۔  مجھے پاکستان کے نوجوانوں کو صرف ایک چیزچاہیے، جب ملک کی بات آئے تو سب معرکہ حق کی طرح متحد ہوجائیں، آپ کے ہاتھوں میں پٹرول بم نہیں، لیپ ٹاپ ہونے چاہئیں، آپ نے ملک کے اندر اور بیرون ملک ایمبیسڈر بننا ہے، کوئی کہے آگ لگا دو تو اسے کہو ’’نو‘‘ میرا ملک میری ماں اور ماں کیساتھ کوئی غداری نہیں کرسکتا۔دریں اثناء  مریم نواز نے کہا ہے  عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے،  سرگودھا کارڈیالوجی سے ضلع میانوالی کے امراض قلب کے مریض بھی مستفید ہو سکیں گے ، ستھرا پنجاب پروگرام کودنیا کاسب سے بڑا ویسٹ مینجمنٹ پروگرام بنا رہے ہیں۔وزیراعلی  مریم نواز سے میانوالی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں علی حیدر نور خان،عبید اللہ خان شادی خیل، امانت اللہ خان شادی خیل، عدیل عبد اللہ خان رخڑی، ملک فیروز جوئیہ اور ملک سجاد خان بھچڑ شامل تھے