پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (PAA) نے حج آپریشن 2025 کی تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے ملازمین کے لیے ایس او پی (Standard Operating Procedures) جاری کر دیے ہیں۔
ان ایس او پیز کے مطابق، حج ڈیوٹی کے لیے درخواست دینے والے ملازمین کا تعلق ایس جی گروپ کے ایک سے گیارہ کے درمیان عہدوں سے ہونا چاہیے۔درخواست دینے والے ملازمین کے لیے ضروری شرائط میں کم از کم پانچ سال کی ملازمت کی مدت اور میڈیکلی فٹ ہونا شامل ہیں۔ حج آپریشن کے لیے منتخب ملازمین کا انتخاب 4 فروری 2025 کو ہیڈ کوارٹرز میں قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔ ملازمین کو اپنی درخواستیں اپنے شعبہ جات کے ڈائریکٹرز، ایئرپورٹس منیجرز یا برانچز کے ذریعے جمع کرانی ہوں گی۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ حج ڈیوٹی پر جانے والے ملازمین حج ادا نہیں کر سکیں گے، اور جو ملازمین انکوائریز میں ملوث ہیں، وہ حج ڈیوٹی کے لیے درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔ یہ تمام اقدامات اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں کہ حج آپریشن 2025 کی کامیابی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔