پیکا ایکٹ سوشل میڈیا کیلئے ، الیکٹرانک میڈیا و اخبارات کے لیے نہیں: رانا تنویر

 قانونی ترامیم کا مقصد معاشرتی نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے، نہ کہ کسی مذہبی متن میں مداخلت کرنا ہے،وفاقی وزیر
 اسلام آباد (آئی این پی )فاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ کوئی بھی قانون یا ترامیم کبھی بھی ہو سکتی ہیں اور یہ ترامیم وقت کے تقاضوں کے مطابق کی جاتی ہیں۔منگل کو ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پیکا ایکٹ سوشل میڈیا کے استعمال کنندگان کے لیے ہے، الیکٹرانک میڈیا اور اخبارات کے لیے نہیں ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سول سوسائٹی کو ریگولیٹ کرنا ضروری ہے اور یہ کہ معاشرہ جنگل نہیں ہے جہاں سوشل میڈیا بے لگام چل سکے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے استعمال کو منظم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں بہتری لائی جا سکے اور بے قاعدگیوں کو کنٹرول کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی ترامیم کا مقصد معاشرتی نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے، نہ کہ کسی مذہبی متن میں مداخلت کرنا ہے۔