پیکا ایکٹ اور ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل سینیٹ سے منظور

 اپوزیشن ارکان کی ایوان میں ہنگامہ آرائی، صحافیوں اور اے این پی ارکان کا  واک آئوٹ
اسلام آباد (آئی این پی )ایوان بالا میں اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود متنازعہ   پیکا ترمیمی بل 2025 اور ڈیجیٹل نیشن بل 2025 منظور کر لیے گئے ۔ پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے ایوان میں  شدید ہنگامہ آرائی کی گئی جبکہ  صحافیوں نے  احتجاجا ایوان بالا  سے    واک آئوٹ کیا ۔ ا ے این پی کے ارکان بھی ایوان سے واک آئوٹ کر گئے۔ منگل کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی زیرصدارت سینیٹ  اجلاس شروع ہوا، تو وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے پیکا ترمیمی بل کی منظوری کی تحریک پیش کی جبکہ وفاقی و زیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل منظوری کے لیے پیش کرنے کی تحریک پیش کی گئی جس پر اپوزیشن اراکین نے شدید احتجاج کیا۔ اپوزیشن ارکان کی جانب سے چیئرمین ڈائس کے سامنے شدید احتجاج اور شور شرابا کیا گیا، متنازعہ پیکا ایکٹ نامنظور کے نعرے لگائے گئے۔  اجلاس میں پی ٹی آئی اراکین اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے اور پیکا ایکٹ نا منظور کے نعرے لگانے شروع کر دئیے۔ قائد حزب اختلاف شبلی فراز سمیت دیگر اپوزیشن سینیٹرز اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے اور کچھ ڈائس کے قریب پہنچ گئے۔ شبلی فراز نے اس موقع پر سیکرٹری سینیٹ کے ساتھ برہمی کا اظہار بھی کیا۔