سوڈان میں تین دنوں میں 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر

سوڈان میں تین دنوں میں 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر

اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ کے مطابق سوڈان میں جاری خانہ جنگی کے تین دنوں کے دوران دس ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

 یہ صورتحال شمالی دارفور اور جنوبی کردفان میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان شدید لڑائی کے نتیجے میں پیدا ہوئی۔اقوام متحدہ سے وابستہ بین الاقوامی تنظیم برائے ہجرت (IOM) کے مطابق شمالی دارفور کے شہروں ام برو اور کرنوی سے سات ہزار سے زیادہ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے، جبکہ جنوبی کردفان کے شہر کادوقلی سے تین ہزار سے زائد افراد فرار ہو گئے۔ اس دوران ابو جبیہہ میں آگ لگنے سے کم از کم 45 عارضی پناہ گاہیں تباہ ہو گئیں، جس سے انسانی بحران مزید شدت اختیار کر گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق آر ایس ایف نے حالیہ دنوں میں شمالی دارفور کے متعدد شہروں پر قبضہ کر لیا ہے اور شمال مغربی سرحد کے قریب دیگر علاقوں میں پیش قدمی کر رہی ہے۔واضح رہے کہ اپریل 2023 سے جاری اس جنگ کے باعث اب تک ایک کروڑ دس لاکھ سے زائد افراد ملک کے اندر اور باہر بے گھر ہو چکے ہیں، اور خوراک، ادویات اور صاف پانی کی شدید قلت کے باعث یہ بحران دنیا کے بدترین انسانی بحرانوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔