پشاور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے دورہ لاہور کے موقع پر پنجاب حکومت کی ہدایات پر پولیس کی جانب سے پختون تاجروں اور دیگر دکانداروں کے ساتھ روا رکھے گئے ناروا اور ظالمانہ سلوک کی مذمت کی ہے،شفیع جان نے کہا کہ لاہور میں پختون تاجروں کے بازار سیل کرنا اور دیگر درجنوں دکانداروں کو گرفتار کرنا آئین پاکستان اور بنیادی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ لاہور میں گرفتار تمام پختون دکانداروں کو فوری رہا کیا جائے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ 80 سے زائد پختون دکانداروں کی گرفتاری اور کاروبار کی بندش سے ہونے والے کروڑوں روپے کے نقصان کا ذمہ دار کون ہوگا؟ ،کیا کسی مخصوص قوم یا طبقے کو نشانہ بنانا پنجاب حکومت کی پالیسی بن چکا ہے؟۔معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے استقبال اور انکے حق میں آواز بلند کرنے پر شہریوں کو سزا دینا فسطائیت کی بدترین مثال ہے اور یہ عمل جمہوری اقدار کی کھلی نفی ہے۔