بھارت میں 52 سالہ خاتون کی یوٹیوب سے پہلی کمائی

دہلی (آئی این پی)بھارت میں ایک 52 سالہ خاتون نے یوٹیوب کی پہلی کمائی حاصل کرنے کے بعد جذباتی ویڈیو شیئر کردی ہے۔سوشل میڈیا پرلی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں مذکورہ خاتون کو یوٹیوب کے ذریعے اپنی زندگی کی پہلی کمائی کا جشن مناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس ویڈیو نے مختلف پلیٹ فارمز پر صارفین کی جانب سے خوب داد و تحسین حاصل کی ہے۔فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک خاتون نے اپنی والدہ کی کامیابی کی ویڈیو شیئر کی ہے، ویڈیو میں ان کے چہرے پر خوشی، فخر اور جذبات واضح طور پر جھلک رہے ہیں۔ ویڈیو میں ایک خاتون اپنی والدہ سے پوچھتی ہیں کیا ہوا ممی؟ جس پر خاتون اپنی زندگی کے ایک یادگار لمحے کا انکشاف کرتی ہیں۔خاتون کا کہنا ہے کہ انہوں نے 52 سال کی عمر میں یوٹیوب کے ذریعے اپنی پہلی آمدنی حاصل کی ہے اور یہ کامیابی انہوں نے صرف چھ ماہ کے اندر حاصل کی۔ویڈیو کے کیپشن میں ایک خوبصورت پیغام بھی لکھا گیا ہے، جس میں کہا گیا کہ خواب دیکھنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی، صرف محنت کی ضرورت ہوتی ہے اور انہوں نے یہ ثابت کر دکھایا۔