پی ٹی آئی والے واپس صوبے میں آئیں اور لوگوں کیلئے کام کریں؛ فیصل کریم کنڈی

پی ٹی آئی نے 13 سال میں کوئی میگا پراجیکٹ شروع نہیں کیا،اڈیالہ کے باہر اپنا سیکرٹریٹ بند کریں
پشاور(نیٹ نیوز)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے واپس صوبے میں آئیں اور لوگوں کیلئے کام کریں، کسی صوبے میں اچھا کام ہورہا ہے تو دوسرے صوبوں کو اپنانا چاہیے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی سے کہنا چاہتا ہوں اڈیالہ کے باہر اپنا سیکرٹریٹ بند کریں، صوبے میں واپس آجائیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے 13 سال میں کوئی میگا پراجیکٹ شروع نہیں کیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کیپی حکومت کو سوچنا چاہیے اور اپنے ریاستی اداروں کو سپورٹ کرنا چاہیے، کیپی حکومت سے کہتے ہیں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کی سپورٹ کریں، اڈیالہ میں موجود شخص ملک میں انتشار پھیلا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کو واپس جانا چاہیے، ہم نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا ملک کو بچایا، سب سے پہلی چیز امن ہے۔