بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی نے پاک بھارت کرکٹ میچ کے حوالے سے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف کھیلنے کے لیے وہ کسی شرط کے ساتھ میدان میں نہیں اترتے بلکہ ہمیشہ بورڈ اور حکومت کے فیصلے کو مقدم سمجھتے ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران محمد شامی نے کہا کہ اگر سب کھلاڑی اور متعلقہ ادارے پاکستان کے خلاف کھیلنے پر متفق ہوں تو پھر کھیلنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ذاتی تنازعات کے پیچھے نہیں بھاگتے اور ہمیشہ اجتماعی فیصلے کو ترجیح دیتے ہیں۔محمد شامی نے کہا کہ کرکٹ صرف جذبات کی بنیاد پر نہیں کھیلی جاتی بلکہ اس میں حکمت عملی، فیصلہ سازی اور منصوبہ بندی کا بھی اہم کردار ہوتا ہے۔ ان کے مطابق، ایک کھلاڑی کے نقطۂ نظر سے پاک بھارت میچ کو معمول کے مقابلے کی طرح لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کھیلنا کسی اور ٹیم کے خلاف کھیلنے جیسا ہی ہوتا ہے، تاہم یہ تسلیم کیا کہ شائقین کے لیے پاک بھارت میچ بہت خاص ہوتا ہے۔ شائقین کا جنون اور جوش ایک منفرد ماحول پیدا کرتا ہے جو کھلاڑیوں کو اضافی توانائی فراہم کرتا ہے۔محمد شامی کے مطابق، پاک بھارت میچ کو صرف کھیل کے زاویے سے دیکھا جائے تو یہ ایک عام مقابلہ ہے، مگر عوامی جذبات اسے غیر معمولی بنا دیتے ہیں۔