پٹرول سکیم مزید 10 ماہ جاری رکھنی پڑی تو رکھیں گے: وزیرپٹرولیم

حکومت وہ کام نہیں کریگی جو 2022 میں سابق حکومت نے کیا تھا:علی پرویز ملک 
ریاست کو دھمکانے والے ناکام ہونگے ، ریاست کا تحفظ اولین ترجیح :خطاب ،گفتگو
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیرپٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا وزیراعظم کی سستا پٹرول سکیم مزید 10 ماہ جاری رکھنی پڑی تو رکھیں گے،سکیم کیلئے حکومت اپنے وسائل میں کٹوتی کرے گی۔ محمود بوٹی یو سی 137 میں ترقیاتی کاموں کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویزملک نیکہامشکل کی اس گھڑی میں وزیراعظم اورحکومت ایک قدم بھی پیچھینہیں ہٹیگی،اگر 10 ماہ تک یہ نظام چلانا پڑا توحکومت اپنے بجٹ سے 400 سے 500 ارب روپے کم کر کے عوام پر خرچ کرے گی۔ اب تک 60 لاکھ سے زائد افراد اپنی موٹرسائیکلیں اورگاڑیاں رجسٹرکراچکے ہیں، وزیراعظم شہبازشریف کو عوام کی مشکلات اور تکلیف کا احساس ہے،حکومت وہ کام نہیں کرے گی جو 2022 میں سابق حکومت نے کیا تھا۔حافظ عاصم منیر، اسحاق ڈار اور محسن نقوی بہترین کردار ادا کر رہے ہیں، وزیراعظم کے بہتر فیصلوں کی بدولت پاکستان میں تیل کی قلت کبھی پیدا نہیں ہوگی۔ گزشتہ ہفتے ان کے بیان کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا، آج وقت کا تقاضا ہے کہ ہر شخص اپنے اپنے مورچے پر جاکر ذمہ داری احسن انداز میں انجام دے۔ سہیل آفریدی شہداء کے گھروں میں جائیں کیونکہ پاکستان سے بڑھ کر نہ کسی کا وجود ہے نہ سیاست۔ اسلام آباد پر چڑھ کر کسی کو آزاد کرانے کا سوچنے والے جان لیں کہ ریاست کمزور نہیں ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور دیگر علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات میں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے، دہشت گردی ایک مرتبہ پھر نئی لہر کے طور پر سر اٹھا رہی ہے، ہمیں اپنی باہمی لڑائیاں ختم کرکے دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔