کورونا، فلو، لاہور میں خطرے کی گھنٹی
میو ہسپتال ،جناح ہسپتال ، سروسز ہسپتال ،جنرل ، گنگا رام اور چلڈرن ہسپتال میں مریض رپورٹ ،ریپڈ ٹیسٹنگ میں کورونا کے مثبت کیسز بھی سامنے آ رہے ہیں ،صرف علامات کی بنیاد پر حتمی تشخیص مشکل ہو گئی ، فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں:ڈین انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور میں شہری فلو ، کورونااور چیسٹ انفیکشن جیسی علامات میں مبتلا ہونے لگے جس سے خطرے کی گھنٹی بج گئی ۔ بخار، کھانسی، نزلہ، گلے میں درد اور جسم میں درد کی شکایات میں اضافہ ہو گیا ،گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کے 6 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں17سوسے زائد مریض رپورٹ ہوئے ہیں،ذرائع کے مطابق میو ہسپتال میں 700 سے زائد مریض فلو اور کورونا جیسی علامات کے ساتھ رپورٹ ہوئے ہیں، اسی طرح جناح ہسپتال اور سروسز ہسپتال میں 500،500 سے زائد مریض ،جنرل ، گنگا رام اور چلڈرن ہسپتال میں بھی سیکڑوں مریض رپورٹ ہوئے ہیں،کورونا اور فلو کی علامات میں مماثلت کے باعث صرف علامات کی بنیاد پر حتمی تشخیص مشکل ہو گئی ۔ فلو جیسی علامات والے مریضوں میں کورونا کی تشخیص کیلئے ریپڈ ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے جس میں کورونا کے مثبت کیسز بھی سامنے آ رہے ہیں۔ڈین انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر سائرہ افضل کا کہنا ہے کہ علامات کو نظر انداز نہ کیا جائے، کورونا اور فلو دونوں سانس کی بیماریوں کی علامات پیدا کر سکتے ہیں، شہری خود تشخیص کے بجائے فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں،فلو سے بچائو کیلئے موسمی انفلوئنزا ویکسین لگوائی جائے ،بزرگ، حاملہ خواتین اور دائمی بیماریوں کے شکار افراد فلو اور کورونا سے خصوصی احتیاط کریں۔