استاد نصرت فتح علی کادیوانہ ہوں ،ہر سال تقریب کا انعقاد کرتا ہوں‘ شاہد علی خان
لاہور(شوبز ڈیسک)نامور قوال شاہد علی خان گائیک استاد نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے آئندہ ماہ کینیڈا میں خصوصی تقریب کا اہتمام کریں گے۔شاہد علی خان نے کہا کہ وہ استاد نصرت فتح علی خان کے شاگرد ہی نہیں بلکہ ان کے دیوانے بھی ہیں اور جب سے استاد نصرت فتح علی خان کا انتقال ہوا ہے وہ ہر سال ان کی برسی کی مناسبت سے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی پروگرام کا اہتمام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استاد نصرت فتح علی خان کی یاد میں امریکہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں تقریبات کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور اس سال ان کی 29ویں برسی کی مناسبت سے کینیڈا میں پاکستانی اور پنجابی کمیونٹی کی خواہش پر خصوصی تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تقریب میں قوالی کے ذریعے استاد نصرت فتح علی خان کی فنی خدمات اور موسیقی کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ انہوںنے بتایا کہ گلوکارہ میگھا خصوصی طور پر پاکستان سے اس تقریب میں شرکت کریں گی۔شاہد علی خان نے کہا کہ استاد نصرت فتح علی خان نے قوالی کو عالمی سطح پر نئی پہچان دی اور ان کا فن آج بھی دنیا بھر میں موسیقی کے شائقین کے دلوں پر راج کر رہا ہے۔ ان کی آواز، اندازِ گائیکی اور صوفیانہ کلام آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک لازوال سرمایہ ہے۔