پنجاب میں سیاحت کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، پنجاب کا تاریخی، ثقافتی اور قدرتی ورثہ دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے کشش کا باعث ہے: وزیراعلیٰ
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یوم سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو زمین پر چلنے پھرنے اور غور و فکر کی دعوت دی، جبکہ سیاحت انسان کی فطری صلاحیتوں کو جلا بخشنے کے ساتھ فکر و تدبر میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔مریم نواز شریف نے سیاحت کے جذبے سے سرشار افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار قدرتی اور سیاحتی حسن سے نوازا ہے۔ پنجاب کا تاریخی، ثقافتی اور قدرتی ورثہ دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے خصوصی کشش رکھتا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ رواں سال لاہور کو شنگھائی تعاون تنظیم کی جانب سے سیاحتی اور ثقافتی دارالحکومت قرار دیا جانا خوش آئند ہے۔ پنجاب میں سیاحت کے شعبے میں بے پناہ امکانات موجود ہیں اور حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لائے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے قدرتی حسن سے مالا مال علاقے ترقی یافتہ ممالک کے خوبصورت سیاحتی مقامات سے کسی طور کم نہیں۔ قدیم قلعے، مذہبی مقامات، تاریخی ورثہ اور دلکش وادیاں سیاحوں کے لیے خاص کشش رکھتے ہیں، جبکہ مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے بھی پائیدار اقدامات کیے جا رہے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ مری گلاس ٹرین سیاحوں کے لیے نئی کشش کا باعث بنے گی، جبکہ مری مال روڈ سمیت دیگر شاہراہوں کی تعمیر و توسیع کا کام بھی جاری ہے۔ ان کے مطابق کوٹلی ستیاں بھی ایک نئے سیاحتی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت سیاحت کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ سیاحتی شعبے کی ترقی سے پاکستان کے خوبصورت چہرے کو دنیا بھر میں متعارف کرانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تاریخی، ثقافتی اور سیاحتی ورثے کو اجاگر کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سیاحت کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، مقامی معیشت مضبوط ہوگی اور نوجوانوں سمیت مقامی آبادی کو معاشی مواقع میسر آئیں گے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب کے سیاحتی مقامات پر جدید سہولیات کی فراہمی، تعمیر نو اور تزئین و آرائش کے ذریعے انہیں مزید دلکش بنایا جا رہا ہے، جبکہ انہیں عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے پائیدار اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ سیاحت پنجاب کی معیشت اور ثقافت کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے۔